اسرائيل میں پھر وسط مدتی انتخابات کا امکان بڑھا
صیہونی حکومت میں ایک بار پھر وسط مدتی پارلیمانی انتخابات کا امکان بڑھ گیا ہے اور بر سر اقتدار اتحاد کی دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کو وسط مدتی انتخابات کی دھمکی دی ہے۔
صیہونی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو اور وزیر دفاع بینی گینٹز کے درمیان شدید بحث کے بعد اسرائيل میں کابینہ اور پارلیمنٹ تحلیل ہونے اور وسط مدت انتخابات کے انعقاد کا خطرہ پیدا ہو گيا ہے۔ اسرائيل نیوز کے مطابق گینٹز کے ساتھ بحث اور شدید اختلاف کے بعد صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو، کابینہ کی نشست کے ہال سے نکل گئے۔ نیتن یاہو کی کابنیہ، کورونا وائرس سے مقابلے کے سلسلے میں کچھ اہم فیصلوں کو منظور کروانے میں کامیاب رہی جبکہ ریسٹورینٹس، شاپنگ سینٹرز اور عمومی مقامات کو پھر سے کھولنے کے معاملے میں کوئي پیشرفت نہیں ہو سکی۔
برسر اقتدار اتحاد کے رہنماؤں نیتن یاہو اور بینی گینٹز کے درمیان مختلف امور میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں جن میں سے ایک غرب اردن کے بعض علاقوں کو اسرائيل میں ضم کرنا بھی ہے۔