امریکہ: طیاروں کے ٹکراؤ اور نائٹ کلب میں فائرنگ سے 12 ہلاک و زخمی، 6 لاپتہ
امریکہ میں دو طیاروں کے مابین ہونے والے تصادم اور نائٹ کلب میں فائرنگ سے 12 افراد ہلاک و زخمی اور 6 لاپتہ ہو گئے ہیں۔
امریکی ریاست ایڈاہو میں دو طیارے فضاء میں ٹکرا گئے، اس حادثے میں 2 افراد ہلاک جبکہ دیگر 6 لاپتہ افراد کی موت کاخدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کوٹینائی کاؤنٹی ،ایڈواہوکے عہدیدار ریان ہیگنز کا کہنا ہے کہ حادثہ شہر کوئیر ڈالین کی جھیل کے اوپر پیش آیا، جہاں طیارے ٹکرا کر جھیل میں گر کر ڈوب گئے ہیں۔
حادثے کا شکار طیاروں سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں جبکہ 6 دیگر لاپتہ افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، طیاروں کے آپس میں ٹکرانے کا سبب تاحال معلوم نہیں ہوسکا ہے۔
ترجمان فیڈرل ایوی ایشن کا کہناہے کہ حادثے کا شکار طیاروں میں سے ایک سیسنا 206 طیارہ تھا۔
دوسری جانب امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا کے ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کے باعث دو افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد تمام زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں سے چار افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔