Jul ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
  • امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن مسلم تارکین وطن پرمہربان ہو گئے

امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی صورت میں اپنی کابینہ میں مسلم اراکین کو شامل کروں گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے امریکی صدر ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سات مسلم ممالک کے افراد پرامیگریشن کی پابندی عائد کرنا اختیارات کا ناجائز استعمال ہے۔

جو بائیڈن کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ اگر میں صدر بنا تو پہلے ہی دن مسلم تارکین وطن پر عائد پابندی ختم کر دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاہ فام سے قبل مسلم کمیونٹی صدر ٹرمپ کے حملے کا شکار ہوئی تھی۔ یہ انتظامیہ اسلامو فوبیا کا شکار ہے۔

جو بائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اسلامو فوبیا کے نظریات کے باعث سکولوں میں مسلم بچوں کے ساتھ بد سلوکی کے ساتھ ساتھ ملک میں مسلم مخالف نفرت انگیز واقعات میں بھی اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے 7 مسلم اکثریتی ممالک سے آنے والے تارکین وطن کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کی تھی جبکہ اس اقدام کے متعلق جو بائیڈن اور دیگر ناقدین نے کہا تھا کہ مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔

ایک وفاقی عدالت نے ابتدائی پابندی کے حکمنامے کو مسترد کر دیا تھا لیکن 2018 میں امریکی سپریم کورٹ نے ایک ترمیم شدہ فیصلہ کو برقرار رکھا۔

یاد رہے کہ رواں برس اپریل میں بھی صدر ٹرمپ نے دو ماہ کے لیے ملک میں امیگریشن پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

7: https://chat.whatsapp.com/CHPuYaKdUxCGK4bzQDsJf4

ٹیگس