Aug ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنا غیرقانونی ہے: چین

پاکستان اور اس ملک کے زیر انتظام کشمیر میں کل یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں جبکہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں عام ہڑتال رہی اور کرفیو لگا دیا گیا تھا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ ہندوستان کا اس ملک کے زیرِ انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کرنا غیر قانونی ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ لی جیان ژاؤ نے کہا ہے کہ چین کشمیر کے علاقے کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے میں چین کا موقف واضح ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاک و ہند کے درمیان تاریخ کا چھوڑا ہوا نامکمل ایجنڈا ہے اور اُسے فریقین کے درمیان بات چیت اور پُرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بدھ کو پاکستان اور اسی طرح پاک و ہند کے زیر انتظام کشمیر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں عام ہڑتال رہی جبکہ کرفیو بھی لگایا گیا تھا۔ پاکستان کے تمام صوبوں اور مختلف شہروں اور علاقوں میں کشمیر ریلیاں نکالی گئیں۔

جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ کراچی کی کشمیر ریلی کے دوران ایک دھماکہ بھی ہوا جس میں تقریبا 30 افراد زخمی ہو گئے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے حملے کا ذمہ دار ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کو قرار دیا ہے۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:10: https://chat.whatsapp.com/I1mQMKzFeYLJ75RCDasv4b

ٹیگس