ٹرمپ کا اپنے مخالفین پر ووٹ چرانے کا الزام
امریکی صدر نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ ان کی مخالف جماعت آئندہ صدارتی انتخابات میں دھاندلی اور ووٹ چوری کرنا چاہتی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرمپ نے ڈیموکریٹ رہنماؤں پر آئندہ انتخابات میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹ پارٹی رائے دھندگان کی شناخت سے متعلق قوانین کا راستہ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔امریکی صدر نے پولنگ کے دوران رائے دہندگان کی شناخت سے متعلق قوانین وضع کیے جانے کی ایک بار پھر حمایت کی ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی مخالفت اور رائے دہی کو شناختی دستاویز سے مشروط کرنے کی حمایت کا مقصد ایسی ریاستوں میں ووٹنگ کے تناسب میں کمی کرنا ہے جہاں سے انہیں زیادہ ووٹ ملنے کی توقع نہیں ہے۔کہا جارہا ہے کہ امریکہ میں رائے دھندگان کی اکثریت کا تعلق ملک کے ایسے پسماندہ طبقات سے ہے جن کے پاس رائے دہی کے لیے لازمی شناختی دستاویزات موجود نہیں ہیں ۔امریکہ میں ان خدشات میں بھی شدید اضافہ ہوتا جارہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ہارنے کے باوجود صدر ٹرمپ اقتدار چھوڑنے سے گریز کریں گے۔