صدراور نائب صدر کے عہدہ کے لئے ٹرمپ اور پینس کے ناموں کا اعلان
امریکہ میں نومبر کے مہینے میں ہونے والے انتخابات کا معرکہ آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔
امریکہ میں حکمراں ری پبلکن پارٹی نے نومبر میں ہونے والے انتخابات کے لئے باضابطہ طریقہ سے ڈونالڈ ٹرمپ کو صدر اور مائک پینس کو نائب صدر کے عہدہ کے لئے اپنا امیدوار اعلان کیا ہے.
امریکہ میں حکمراں ری پبلکن پارٹی کی قومی کمیٹی کے صدر رونا میک ڈینیل نے پیر کو ٹوئٹر پر اس کا باضابطہ اعلان کیا۔
ڈینیل نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ری پبلکن پارٹی نے ڈونالڈ ٹرمپ کو صدر اور مائک پینس کو نائب صدر کے عہدہ کے لئے پھر سے اپنا امید وار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چند روز قبل امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی نے سابق نائب صد جو بائیڈن کو دوہزار بیس کے صدارتی انتخابات کے لیے اپنا باضابطہ امیداوار نامزد کیا تھا جبکہ امریکی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے ایک سیاہ فام شخصیت کمالا ہیریس کو نائب صدارتی امیدوار چن لیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں ہونے والے سروے کے مطابق موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت کا گراف اپنی نچلی ترین سطح کو پہنچ گیا ہے۔ فاکس نیوز کے جائزے کے مطابق جوبائیڈن کو ایری زونا، اوھائیو اور وسکانسن جیسی اہم ریاستوں سے بالترتیب چھیالیس، پینتالیس اور انچاس فی صد ووٹ ملنے کا امکان ہے جو مذکورہ تنیوں ریاستوں میں ٹرمپ کے ملنے والے ووٹوں سے کہیں زیادہ ہے۔
رائے عامہ کے اس جائزے کی رو سے ٹرمپ کو مذکورہ تینوں ریاستوں سے بالترتیب بیالیس، تینتالیس اور چالیس فی صد تک ووٹ ملنے کی توقع ہے۔سن دوہزار سولہ کے انتخابات میں ریاست اوھائیو اور وسکانسن نے ٹرمپ کی حمایت کی تھی لیکن رائے عامہ کے تازہ جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ ان ریاستوں میں جوبائیڈن آگے نکل گئے ہیں۔کہا جارہا ہے کہ پیسلوانیا اور میشی گن کی صورتحال بھی ٹرمپ کے حق میں نہیں کیوں کہ یہ دونوں ریاستیں روائتی طور پر ڈیموکریٹ کی حمایت کرتی رہیں اگرچہ الیکٹرورل کے ووٹ ٹرمپ کے حق میں پڑے تھے۔