Oct ۰۲, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۱ Asia/Tehran
  • قرہ باغ کے علاقے میں لڑائي فوری طور پر روکی جائے: پوتین

روس کے صدر نے زور دے کر کہا ہے کہ نیگورنو قرہ باغ کے علاقے میں فوری طور پر آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جنگ روکی جانی چاہیے۔

ولادیمیر پوتین نے جمعے کے روز آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشینیان سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ییروان اور باکو کے درمیان نیگورنو قرہ باغ کے علاقے میں جاری جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔ کرملن ہاؤس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس ٹیلی فونی گفتگو میں روس کے صدر نے نیگورنو قرہ باغ کے علاقے کے حالات پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان فوری طور پر جنگ روکے جانے پر تاکید کی اور کہا کہ اس تنازعے کے حل کے لیے سیاسی اور سفارتی کوششیں بحال کرنا ضروری ہے۔

جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل نے بھی جمعے کے روز برسلز میں یورپی یونین کے سربراہی اجلاس کے بعد کہا کہ یورپی یونین کے سربراہان نے نیگورنو قرہ باغ کے علاقے میں آرمینیا اور آذربائيجان کے درمیان جنگ کے بارے میں تبادلۂ خیال کرنے کے ساتھ ہی اس علاقے میں جلد از جلد فائر بندی نافذ کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ نیگورنو قرہ باغ کے علاقے میں آرمینیا اور آذربائيجان کے درمیان اتوار سے جنگ شروع ہوئي ہے جس میں اب تک دونوں طرف کے کئی لوگ مارے جا چکے ہیں۔

ٹیگس