قرہ باغ جنگ ، دس روز سے جاری
آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان گذشتہ دس روز سے جنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
آذربائیجان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ بالوجا کے جنگی علاقے میں آرمینیا کے دو میزائل لانچر اور ایک توپ یونٹ کو تباہ کردیا گیا ہے ۔ آذربائیجان کی وزارت دفاع کے انفارمیشن سینٹر کے سربراہ واقف درگاہلی نے پیر کو آرمینیا کی فوج کے ہاتھوں میں آذربائیجان کے دو سو فوجیوں کے مارے جانے کے دعوے کو مسترد کردیا اور کہا کہ تمام محاذوں پر خاص طور سے جبرائیل اور فضولی کے علاقوں میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
قرہ باغ کے مسئلے پر آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ستائیس ستمبر سے ایک بار پھر جنگ شروع ہوگئی ہے جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔فریقین ایک دوسرے پر جنگ شروع کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔قرہ باغ کے متنازعہ علاقے میں دوہزار چودہ ، اپریل دوہزار سولہ اور گذشتہ جولائی کے مہینے میں بھی جھڑپیں ہوچکی ہیں ۔