Oct ۱۸, ۲۰۲۰ ۰۷:۰۵ Asia/Tehran

جمہوریہ آذربائیجان کی وزارت دفاع نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں آرمینیا کے فوجی ٹھکانوں کو ڈرون طیاروں کے ذریعے تباہ ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

آرمینیا نے فرہ باغ میں ہونے والی جھڑپوں میں اپنے 633 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے تاہم آزاد ذرائع کا کہنا ہے ان جھڑپوں میں دونوں طرف سے سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 

آرمینیا کی فوج نے پہلی مرتبہ ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مزید 29 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد آذربائیجان کی فوج کے ساتھ ہونے والی جنگ میں مجموعی طور پر اب تک 633 فوجی مارے گئے تاہم آرمینیا کی فوج نے دعوی کیا کہ آذربائیجان کے ایک فوجی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے تباہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 27 ستمبر سے قرہ باغ کے متنازعہ علاقے میں آرمینیا اور آذربائیجان کی افواج کے درمیان جھڑپوں کا آغاز ہوا تھا اور کہا جا رہا ہے کہ ان جھڑپوں میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین 1990 کی جنگ میں تقریبا 30 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ٹیگس