Oct ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۴ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی امیدوں پر اوس پڑ گئی

امریکہ کی وفاقی عدالت نے پوسٹل بیلٹس کے حوالے سے ری پبلکن پارٹی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

امریکی جریدی ہل نیوز کے مطابق فیڈرل سپریم کورٹ نے اپنے ایک حکم کے ذریعے پوسٹل بیلٹس کی گنتی سے متعلق ری پبلکن کے مطالبہ کو مسترد کر دیا ہے۔

اس حکم کے مطابق تین نومبر کے انتخابات کے تین روز بعد تک متعلقہ انتخابی حلقوں کو موصول ہونے والے پوسٹل بیلٹس کو شمار کیا جائے گا۔

ڈیموکریٹ پارٹی نے فیڈرل سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

امریکہ کی فیڈرل سپریم کورٹ نے اس سے پہلے ملک کی کئی ریاستوں میں پوسٹل بیلٹس رکوانے سے متعلق ری پبلکن کی ہنگامی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔

امریکہ کے ری پبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا صدارتی انتخابات میں دھاندلی کی بات کر چکے ہیں اور ان کا دعوی ہے کہ پوسٹل بیلٹس کے ذریعے بڑے پیمانے پر دھاندلی کا امکان پایا جاتا ہے۔

امریکہ میں انتخابات کا وقت قریب آنے کے باجود پوسٹل بیلٹس کے حوالے سے ری پبلکن اور ڈیموکریٹ  کے درمیان اختلافات بدستور باقی ہیں۔

اسی دوران امریکی حکام نے ریاست کیلی فورنیا کے ایک پولنگ بوتھ میں آتشزدگی کے واقعے کو عمدی قرار دیا ہے۔ روزنامہ گارڈین کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں پولنگ بوتھ میں رکھے بیلٹ بکس میں اچانک  آگ لگ جانے کے باعث درجنوں بیلٹ پیپر جل گئے ہیں۔   

مقامی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی فوٹیج میں جلے ہوئے بیلٹ پیپر دکھائی دے رہے ہیں۔

متعلقہ عہدیداروں نے جلنے والے ووٹوں کی صحیح تعداد کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا۔

آتشردگی کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے کہ جب ریاستی حکام نے صدارتی انتخابات سے قبل تشدد میں اضافے کی بابت بھی کئی بار خبردار کیا ہے۔

درایں اثنا امریکی صدر کے الیکشن آفس نے  میشیگن کی گورنر پر لوگوں کو ٹرمپ پر حملے کے لئے اکسانے کا جبکہ میشیگن کی گورنر نے ٹرمپ پر اندرونی دہشت گردی پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔

کورونا وائرس کے معاملے پر بھی صدر ڈونلڈ اور میشیگن کی گورنر کے درمیان کئی بار بیان بازی ہوچکی ہے اور وہ صدر ٹرمپ پر ملک میں سیاسی انتہا پسندی کو فروغ دینے اور نسلی برتری کے حامیوں کی حمایت کا الزام عائد کر چکی ہیں۔

امریکہ میں حالیہ برسوں کے دوران سماجی اختلافات میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور نسل پرستی کے خلاف جاری مظاہروں کے ساتھ ساتھ ٹرمپ کی جانب سے سفید فاموں کی برتری کے حامی گروہوں کی حمایت اور ڈیموکریٹ گورنروں پر لفظی حملوں نے ملک کو خانہ جنگی کی دہلیز پر پہنچا دیا ہے۔

ٹیگس