آذربائیجان اور آرمینیا میں گھمسان کی جنگ، 22 دیہات آزاد
Oct ۲۲, ۲۰۲۰ ۰۸:۲۳ Asia/Tehran
آذربائیجان کے صدر نے کہا ہے کہ 22 دیہاتوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آذربائیجان کی فوج نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں اور فضولی، زنجیلان اور جبرائیل شہر کے مزید 22 دیہاتوں کو گزشتہ روز آرمینیائی فوج کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ آزاد ہونے والے علاقوں پر 27 سال قبل آرمینیا نے قبضہ کیا تھا۔
دوسری جانب آرمینیا کی وزارت دفاع کی ترجمان سشان اسٹیپانیان نے کہا کہ جنوبی علاقوں میں لڑائی میں شدت آ گئی ہے اور آذربائیجان کی فورس کی طرف سے ہمیں شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ قرہ باغ کے مسئلے پر آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ 27 ستمبر کو شروع ہوئی تھی جس میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔