Oct ۳۰, ۲۰۲۰ ۰۹:۳۹ Asia/Tehran
  • خطے میں ایران کا کردار ذمہ دارانہ اور تعمیری ہے: آرمینیا

ایروان نے آذربائیجان و آرمینیا کے مابین جاری جنگ کو ختم کرنے کے مقصد سے ایران کی کوششوں کو سراہا ہے۔

آئی آر آبی نیوز کے مطابق آرمینیا نے قرہ باغ مسئلہ پر باکو اور ایروان کے مابین جاری جنگ کے خاتمے کے لئے ایران کی کوششوں کی قدردانی کی ہے۔

آرمینیا کے وزیر خارجہ زہراب مناتسکانیان نے ریانووستی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے، آذربائیجان و آرمینیا کے مابین جاری جنگ کو ختم کرنے کے مقصد سے ایران کی کوششوں کو سراہا۔

آرمینیا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران خطے کا ایک بڑا ملک ہے اور ترکی کے برخلاف وہ خطے کے امن و صلح کے سلسلے میں ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار کا حامل ہے۔

خیال رہے کہ دو پڑوسی ممالک آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جاری جنگ اور اختلافات کو کم کرنے کی غرض سے ایران نے سفارتکاری تیز کر دی ہے جس کے تحت ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی آذربائیجان اور روس کا دورہ کرنے کے بعد جمعرات کی شب آرمینیا کے دارالحکومت ایروان پہنچے ۔

ایروان پہنچنے پر سید عباس عراقچی نے روس اور آذربائیجان کے حکام کے ساتھ مذاکرات کو مثبت اور مفید قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں متحارب ممالک کے شہری ایران میں موجود ہیں جو ایک پرسکون زندگی گزار رہے ہیں اور تہران ہمیشہ ایک معتدل اور متوازن موقف کا حامل رہا ہے۔

قرہ باغ خطے کے مسئلے پر آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ستائیس ستمبر سے جنگ جاری ہے جس میں اب تک ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں۔

ٹیگس