جرمنی میں چاقوزنی کی واردات، کئی زخمی
جرمنی کے مغربی شہر اوبرہاوزن میں پیش آنے والے چاقو زنی کے واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی پولیس کے بیان کے مطابق حملہ آور شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم اس کے اس اقدام کا محرک ابھی معلوم نہيں ہوسکا ہے۔
پولیس کے مطابق چاقو زنی کی واردات کے دوران حملہ آور شخص خود بھی زخمی ہوگیا۔
جمعرات کی شام مقامی وقت کے مطابق چھے بجے پیش آنے والے اس واقعے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال میں داخل کر دیا گيا ہے، طبی ذرائع نے ایک شخص کی حالت نازک بتائی ہے۔
پولیس کے مطابق اگرچہ اس واقعے کے محرکات کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے تاہم خیال کیا جاتا کہ حملہ آور زخمی ہونے والے افراد کا آشنا ہے۔
جرمنی کا شمار یورپ کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں گزشتہ چند برسوں کے دوران دہشت گردی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔
دہشت گردی کا آخری واقعہ ڈرسیڈن شہر میں 21 اکتوبر کو پیش آيا تھا کہ جس میں ایک شخص ہلاک اور ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔