Nov ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان، کورونا کے یومیہ کیسز بدستور چالیس ہزار سے زائد

ہندوستان میں کورونا سےمتاثرین کی تعداد نوے لاکھ سے زائد ہوگئی اور یوں اب وہ امریکا کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد نوے لاکھ چار ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کی دس ریاستوں میں کورونا کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنا پر بعض ریاستوں میں کرفیو لگانے کی بھی تیاری شروع ہو گئی ہے۔

ہندوستان کی وزارت صحت نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا کے مزید پینتالیس ہزار آٹھ سو نئے معاملات سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد نوے لاکھ چار ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ البتہ کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر چوراسی لاکھ اٹھائیس ہزار تک جا پہونچی ہے۔ 

اس درمیان ریاست مہاراشٹرا میں جو کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے کہا جا رہا ہے کہ تیئیس نومبر سے ممبئی کے علاوہ دیگر علاقوں میں اسکول کھل جائیں لیکن ممبئی میں آئندہ اکتیس دسمبر تک اسکول بند رہیں گے۔

دوسری جانب ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں گھر گھر کورونا کے کیسز کا سروے شروع ہو گیا ہے اور جن لوگوں میں کورونا کی علامتیں پائی جارہی ہیں ان کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ اس کام کے لئے دوسو سے زیادہ ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ دہلی کے حکام کا کہنا ہے کہ گھنی آبادی والے علاقوں اور کنٹین مین زون میں یہ کام شروع کیا گیا ہے جو پانچ روز میں مکمل ہو جائے گا۔

ٹیگس