Nov ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۳:۵۸ Asia/Tehran
  • ملکی افواج عصری تقاضوں سے ہماہنگ نہیں: برطانوی وزیر اعظم

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے 30 برس کی سب سے بڑی فوجی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‎وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی افواج کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے 30 برس کی سب سے بڑی فوجی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے ملکی افواج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے آئندہ چار برس میں اضافی 16.5 بلین پائونڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

بورس جانسن نے قرنطینہ میں ہونے کے سبب پارلیمنٹ سے ورچوئیل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد یہ برطانوی افواج کو دی جانے والی سب سے بڑی رقم ہے اور اس سے یورپ میں برطانوی بحریہ کی برتری پھر بحال ہوگی۔ اپوزیشن لیڈر سر کیئر اسٹارمر نے اضافی رقم کا خیر مقدم ضرور کیا تاہم انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت یہ رقم کہاں سے فراہم کرے گی۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی نئی ایجنسی قائم کی جائے گی اور نیشنل سائبر فورس بنائی جائے گی جو لوگوں کو آن لائن جرائم اور دہشت گردی کے تدارک کیلئے کام کرے گی اور برطانیہ 2022ء میں اپنا پہلا راکٹ خلا میں بھیجے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے روزگار کے تقریباً 40 ہزار مواقع پیدا ہوں گے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ برطانوی افواج کے موجودہ ہتھیار وقت کے تقاضوں کے مطابق نہیں رہے ہیں جبکہ ہمارے حریف بہتر اسلحہ، حملہ کرنے اور نقصان پہنچانے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی افواج کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔ 

ٹیگس