روس - امریکہ تعلقات بدترین سطح پر ہیں: روسی صدر
روس کے صدر ولادی میر پوتین نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ان کے ملک کے تعلقات بدترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
مقامی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ولادی میر پوتین کا کہنا تھا کہ روس اور امریکہ کے تعلقات اس نہج پر پہنچ گئے جہاں مزید بدتر ہونے کی گنجائش باقی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات کا سرکاری نتیجہ آنے تک وہ جو بائیڈن کو مبارک باد پیش نہیں کریں گے۔
دنیا کے بہت سے ملکوں کے سربراہوں نے جو بائیڈن کو امریکی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے تاہم روسی حکام کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات کے حتمی سرکاری نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔
روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے گزشتہ دنوں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں سن دوہزار سولہ میں امریکی صدر کی ٹیم کے ساتھ رابطے کا تلخ تجربہ ہے جس کے بعد روس پر الزامات کی بارش شروع کر دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ روس نے تاحال جوبائیڈن کی ٹیم سے رابطہ نہیں کیا ہے اور ہم امریکی انتخابات کے حتمی سرکاری نتیجے کا انتظار کر رہے ہیں۔