دنیائے فٹبال کا عظیم ستارہ ڈوب گیا+ ویڈیوز
ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے فٹبال کی تاریخ کے عظیم کھلاڑی میرا ڈونا کا 60 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق میرا ڈونا کے سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ عظیم فٹبالر 60 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق ان کے ملازمین میں شامل ایک رکن کا کہنا تھا کہ میرا ڈونا کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا جبکہ رواں ماہ کے اوائل میں ان کی برین سرجری بھی ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ میرا ڈونا کو برازیل کے پیلے کے ساتھ فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
میرا ڈونا نے اپنی قیادت میں ارجنٹینا کو ورلڈ کپ دلا کر عالمی چمپیئن بنایا تھا۔
میرا ڈونا نے برطانیہ کے خلاف تاریخی گول مار کر دنیائے فٹبال میں اپنا نام سنہرے حروف میں رقم کروایا تھا۔
دنیائے فٹبال میں ان کا ایک تاریخی گول تھا جو میرا ڈونا نے برطانیہ کے خلاف مارا تھا جو بعد میں خدائی گول کے نام سے مشہور ہوا۔
1982 میں برطانیہ اور ارجنٹینا کے درمیان فاکلینڈ جزیرے کو لے کر جنگ شروع ہو گئی تھی جو 74 دنوں تک جاری رہی اور اس جنگ میں ارجنٹینا کے 649 افراد مارے گئے تھے۔
جب میرا ڈونا نے برطانیہ کے خلاف تاریخی گول مارا تھا تو ان سے صحافی نے اس یاگار گول کے بارے میں پوچھا تب انہوں نے کہا یہ میرا نہیں یہ خدا کا ہاتھ تھا جس نے برطانیہ سے ارجنٹینا کے عوام کا انتقام لیا۔