کورونا کے دور میں امریکہ کا تاریخی ظلم
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ کورونا کے دور میں امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کے ذریعے بیماروں کو زیادہ نشانہ بنایا گیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے کہا ہے کہ امریکہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دور میں بعض ملکوں کے خلاف سخت پابندیاں عائد کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات تاریخ میں محفوظ ہوگی کہ دنیا میں کورونا وائرس کے خلاف متحدہ اور ہم آہنگی کے ساتھ مہم چلائی جانے کی ضرورت کے باوجود امریکہ یکطرفہ، غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی پابندیاں عائد کر کے لوگوں کی جانوں سے کھیلتا رہا ہے۔
مجید تخت روانچی نے کہا کہ ہلاکت خیز وبائی امراض سے، مختلف قسم کے مسائل سے دوچار ملکوں کے سماجی حالات اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور پابندیاں عائد کر کے ان ملکوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ کورونا جیسی وبا کا مقابلہ کرنے والے ایک بڑے ملک کی حیثیت سے ایران کو پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے اور تہران اس بات کو بخوبی سمجھتا ہے کہ ان پابندیوں کی بنا پر دواؤں اور طبی آلات و وسائل کی فراہمی کو روکنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ کورونا کے خلاف مہم چلانے والے ممالک کی توانائیوں کو کمزور کیا جا سکے۔