نتن یاہو کے خلاف اتحاد کی اپیل
غاصب صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ نے مقبوضہ فلسطین کی حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کے رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ انتخابات میں بنیامین نتن یاہو کی پارٹی کو شکست دینے کے لئے متحد ہو جائیں۔
اسرائیل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کی کابینہ میں بڑھتے ہوئے اختلافات اور حالیہ دو برسوں میں چوتھے عام انتخابات کے انعقاد کا امکان قوی ہوجانے پر غاصب صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ اور اسرائیل بیتنا پارٹی کے سربراہ لیبرمین نے نتن یاہو کو وزارت عظمی کے عہدے سے روکنے کے لئے ایک منصوبہ پیش کیا ہے۔ انھوں نے اسرائیل کی تمام جماعتوں کے لیڈروں سے اپیل کی ہے کہ وہ نتن یاہو کی پارٹی کو شکست دینے کے لئے متحد ہو جائیں۔
دوسری جانب مقبوضہ فلسطین کی حزب اختلاف کے سربراہ یائیر لاپید نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کسی بھی ایسی مخلوط حکومت میں شامل نہیں ہو گی کہ جس میں نتن یاہو موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں دھاندلی، رشوت اور بدعنوانی نیز خیانت اور اسی طرح کورونا کا بحران کنٹرول کرنے میں ناتوانی کی بنا پر احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں اور نتن یاہو کے استعفے کا مطالبہ مسلسل زور پکڑتا جا رہا ہے۔