فرانس میں جامع سیکورٹی قانون پر ہنگامہ اور مظاہرے
فرانس میں جامع سیکورٹی قانون نامی متنازعہ بل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسکائی نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سیکڑوں فرانسیسی شہریوں نے ملک کی سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے اور جامع سیکورٹی قانون کی مذمت کی ۔
مظاہرین ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر اس قانون کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جامع سیکورٹی قانون سے آزادی کو محدود کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ فرانسیسی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ان پر آنسوگیس کے گولے فائر کئے اور سخت سردی کے باوجود واٹر کینن کا استعمال کیا۔
فرانس کی قومی اسمبلی میں ابھی حال ہی میں جامع سیکورٹی قانون کے بل کی منظوری سے پیرس سمیت اس ملک کے ستر شہروں میں شدید احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔
فرانس میں پولیس کے تشدد کے خلاف شروع ہونے والے زبردست احتجاج کے بعد حکومت نے سیکورٹی بل کی متنازعہ شق نکال دی تھی۔ اس سیکورٹی منصوبے میں ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے پولیس کا ویڈیو جاری کرنے کو جرم قرار دیا گیا تھا اور اس پر جرمانہ اور جیل کی سزا مقرر کی گئی تھی۔