نیدرلینڈ نے کورونا کے پیش نظر برطانوی پروازوں پر پابندی عائد کی
برطانیہ کے مسافر جہاز یکم جنوری تک نیدر لینڈ کے لئے پرواز نہیں کرسکيں گے۔
نیدرلینڈ نے برطانیہ سے آنے والی مسافر پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ روئٹرز کے مطابق اتوار کو نیدرلینڈ کی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ میں کورونا کی نئی لہر کے باعث وہاں سے آنے والی مسافر پروازوں پر یکم جنوری تک پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کرسمس کی آمد سے قبل کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سخت پابندیاں لگانے کا اعلان کیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس سے قبل حکومت کی جانب سے کرسمس پر پابندیاں نرم کرنے کا کہا گیا تھا۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کی ایک نئی قسم کی وجہ سے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 20 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 67 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔