Dec ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۲ Asia/Tehran
  • سائبر حملوں کے سامنے امریکہ بے بس

امریکہ کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ان کا ملک ممکنہ طور پر سائبر حملے روکنے کی توانائی نہیں رکھتا۔

جوبائیڈن نے حالیہ سائبر حملوں پر ٹرمپ حکومت کے رویے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے خلاف کئے جانے والے سائبر حملوں کا جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ حکومت امریکہ پر کئے جانے والے سائبر حملے روکنے میں ناکام رہی ہے اور ہمیں دیکھنا ہو گا کہ یہ حملے کہاں سے کئے جا رہے ہیں اور ان سے ہی جواب مانگا جائے گیا۔

انہوں نے ان حملوں کو امریکہ کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا۔ جوبائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ حکومت نے امریکہ کی قومی سلامتی کے لئے خطرہ شمار ہونے والے سائیبر حملوں پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔

حال ہی میں امریکہ کے حساس اداروں منجملہ وزارت خزانہ، وزارت برائے اندرونی سلامتی اور جوہری مراکز پر دسیوں سائبر حملے کئے گئے ہیں جس پر امریکی حکام نے گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

واشنگٹن نے اس سلسلے میں روس کی طرف انگلی اٹھائی ہے جبکہ ماسکو نے اس طرح کے حملوں میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے۔

ٹیگس