Dec ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  • کرسمس کی شام صدر ٹرمپ کو لگا بڑا جھٹکا

کرسمس کی شام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے اور شیکاکو کی عدالت نے بھی ان کی اپیل خارج کر دی ہے۔

امریکی اپیل کورٹ نے ریاست وسکانسن میں حالیہ صدارتی انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ شیکاگو کی ساتویں سرکٹ اپیل کورٹ کی تین رکنی بنیچ نے متفقہ طور پر ملواکی کے اسسٹنٹ اٹارنی برٹ لوڈ ونگ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے صدر ٹرمپ کی اپیل خارج کر دی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مذکورہ عدالت کے تینوں جج ری پبلکنز کے منتخب کردہ بتائے جاتے ہیں۔

تیس نومبر کو ریاست وسکانسن نے باضابطہ طور پر حالیہ صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن کی کامیابی کا سرٹیفیکٹ جاری کیا تھا اور چودہ دسمبر کو سپریم کورٹ کی ریاستی بینچ نے بھی جوبائیڈن کی کامیابی سے متعلق الیکٹورل کالج کے فیصلے کی توثیق کر دی تھی۔

امریکہ میں صدارتی انتخابات تین نومبر کو کرائے گئے تھے جس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف جوبائیڈن تین سو چھے الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے ملک کے صدر منتخب ہوگئے ہیں جبکہ خود انہیں صرف دو سو بتیس ووٹ ملے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال اپنی شکست تسلیم نہیں کی ہے اور انہوں نے انتخابات میں دھاندلیوں کے دعوے کرتے ہوئے کئی ریاستوں میں نتائج منسوخ کرانے کی غرض سے عدالتوں سے رجوع  کیا ہے تاہم اب تک کئی ریاستوں میں انکی انتخابی عذر داریاں مسترد کی جا چکی ہیں۔

 

ٹیگس