ٹرمپ کی اپنے حامیوں سے سڑکوں پر اترنے کی اپیل
امریکی صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئیٹ میں صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے بارے میں اپنے دعوے کا اعادہ کرتے ہوئے اپنے حامیوں اور طرفداروں سے کہا ہے کہ وہ صدارتی انتخابات کے نتائج کے خلاف مظاہرہ کریں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے امریکہ میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور اپنی پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل نیز کورونا کے پھیلاؤ اور اس سے ہونے والی اموات کی بحرانی صورت حال کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے طرفداروں اور حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چھے جنوری کو واشنگٹن ڈی سی میں مظاہرہ کریں۔
امریکی صدر ٹرمپ کے ٹوئٹ سے پتہ چلتا ہے کہ وہ امریکہ کے صدارتی انتخابات کے فاتح کے خلاف بغاوت کرنا چاہتے ہیں جبکہ ان انتخابات میں جوبائیڈن کی کامیابی کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات کے نتائج اور جوبائیڈن کی کامیابی کے اعلان کے باوجود امریکی صدر ٹرمپ انتخابات میں دھاندلی ہونے کے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں جبکہ امریکہ میں اقتدار کی منتقلی کا عمل کافی پہلے سے شروع ہو چکا ہے اور بیس جنوری کو حلف برداری کی تقریب کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔