پارلیمنٹ پر حملے کے بعد ٹرمپ کی کابینہ میں استعفوں کی جھڑی
امریکہ کی وزیر نقل و حمل نے بھی کانگریس کی عمارت پر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے پر اعتراض کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
ایلین چاؤ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ملک کی پارلیمنٹ پر حملے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے وزیر نقل و حمل کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ اس سے کچھ ہی گھنٹے پہلے یورپ اور روس کے امور میں امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے مشیر رایان ٹالی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا اور اس کا سبب، کانگریس کی عمارت پر صدر ٹرمپ کے حامیوں کا حملہ بتایا تھا۔
اس سے قبل شمالی آئرلینڈ کے امور میں امریکہ کے نمائندے میک مولینی نے بھی کانگریس کی عمارت پر ہوئے حملے پر احتجاج کرتے ہوئے استعفی دے دیا تھا۔ امریکہ کی داخلی سلامتی کی وزارت کے سربراہ چاڈ وولف کو بھی، ٹرمپ سے اس حملے کی مذمت کا مطالبہ کرنے کے بعد ان کے عہدے سے ہٹا دیا گيا تھا۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز امریکی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری تھا کہ صدر ٹرمپ کے حامیوں نے پارلیمنٹ کی بلڈنگ پر حملہ کر دیا۔ یہ حملہ ٹرمپ کی جانب سے اپنے حامیوں کو کانگریس کے سامنے اجتماع کرنے کی کال دیے جانے کے بعد ہوا تھا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حالیہ صدارتی انتخابات کے نتائج کی توثیق کی جا رہی تھی جن کی رو سے ٹرمپ الیکشن ہار چکے ہیں۔