امریکہ اپنے غلط اقدامات کا سلسلہ بند کرے: چین
اپنی کمپنیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ یہ اعلان چینی حکام نے امریکہ برآمد ہونے والی اپنی بعض مصنوعات پر پابندی کے نفاذ کے بعد کیا۔
چین نے سنکیانگ ریجن کی کپاس اور ٹماٹر سے بننے والی تمام مصنوعات پر پابندی کے معاملے پر امریکہ سمیت دیگر ممالک پر غلط اقدامات فوری روکنے کے لئے زور دیا ہے۔
چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین، اپنی کمپنیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
امریکہ نے چین کے سنکیانگ ریجن کی کپاس اور ٹماٹر سے بننے والی تمام مصنوعات پر پابندی لگائی ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سنکیانگ مصنوعات پر پابندی جبری مزدوری کے خدشات پر لگائی گئی ہے۔
امریکی محکمۂ داخلہ سیکیورٹی کے قائم مقام سربراہ کے مطابق اس پابندی سے امپورٹرز کو یہ پیغام بھیجا گیا ہے کہ کسی بھی طرح کی جبری مشقت برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال امریکہ نے چین سے 9 ارب ڈالر کی کپاس اور 10 ملین ڈالر کی ٹماٹر سے بنی مصنوعات درآمد کی تھیں۔