کاروباری ٹرمپ کی بیٹی اور داماد قومی خزانے پر بوجھ
امریکی صدر ٹرمپ کی بیٹی اور داماد پر انوکھے انداز سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایوانکا اور کشنر نے خفیہ ایجنٹس پر اپنے پر تعیش گھر کے باتھ روم استعمال کرنے پر پابندی لگا رکھی تھی، خفیہ ایجنٹس ضرورت پڑنے پر سڑکیں، فٹ پاتھ، پبلک ٹوائلٹس اور قریبی مقامات استعمال کرتے رہے۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں نے اپنی سیکیورٹی پر تعینات خفیہ ایجنٹس کو اپنے گھر میں بنیادی انسانی ضرورت کے پیش نظر واش روم استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
جیئرڈ کشنر نے واشنگٹن ڈ ی سی میں 2017 میں 5 ہزار مربع فٹ کا پرتعیش مکان کرائے پر لیا جس میں چھ بڑے اور ایک چھوٹا ٹوائلٹ تھا لیکن ایوانکا اور کشنر نے خفیہ ایجنٹس کو ٹوائلٹس استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔
ایجنٹس ضرورت پڑنے پر فٹ پاتھ، ہوٹلوں کے ٹوائلٹس، پبلک ٹوائلٹس اور قریبی مقامات استعمال کرتے رہے۔ ہمسایوں نے شکایت کی تو ایجنٹس سابق صدر اوباما کے گیراج کا ٹوائلٹ استعمال کرنے لگے تاہم بعد میں ایوانکا اور کشنر کے مکان کے قریب سڑک پار ایک اسٹوڈیو اپارٹمنٹ تین ہزار ڈالر ماہانہ کرائے پر مل گیا۔
اس طرح 2017 سے اب تک ایک لاکھ چوالیس ہزار ڈالر سے زائد صرف خفیہ ایجنٹس کے ٹوائلٹس پر خرچ کر دیئے گئے اور عجیب بات یہ کہ یہ پیسے امریکی ٹیکس دہندگان کی جیب سے ادا کئے گئے ۔
دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس نے خبر کی تردید کی ہے اور دعوا کیا ہے کہ خفیہ ایجنٹس کو باتھ روم استعمال کرنے سے نہیں روکا گیا تھا۔