سیکورٹی خدشات، تقریب حلف برداری کی ریہرسل منسوخ
امریکہ میں آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید سیکورٹی خدشات کی وجہ سے منتخب صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کی ریہرسل موخر کردی گئی ہے۔
نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکہ کے منتخب صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کی ریہرسل اتوار کو انجام پانا تھی مگر شدید سیکورٹی خدشات کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔ کہا جارہا ہے کہ منتخب صدر کی تقریب حلف برداری کی ریہرسل اب پیر کے روز انجام دی جائے گی تاہم سیکورٹی خدشات میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے حامیوں نے ملک کی تمام پچاس ریاستوں میں پرتشدد مظاہروں کی منصوبہ بندی کرلی ہے جس کے پیش نظر منتخب صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ملک گیر فسادات کے اندیشے بھی شدت اختیار کرتے جارہے ہیں۔ بڑھتے ہوئے سیکورٹی خدشات کے تناظر میں امریکی فیڈرل پولیس فورس کے سربراہ نے ملک کے تمام اعلی پولیس افسران سے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کے دور صدارت کے اختتامی ایام میں زیادہ سے زیادہ تیاری کی حالت میں رہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فیڈرل پولیس فورس کے سربراہ کرسٹوفر رے نے سیٹزن اینڈ ایمگریشن سروسز کے سربراہ کین کوشنلے اور ریاستی پولیس کے سربراہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ملک میں تشدد کے خدشات کے حوالے سے گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ملک کے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام تر معلومات کا فوری تبادلہ کریں اور ہر اطلاع کو نئی اطلاع سمجھ کر تحقیق کریں۔
درایں اثنا نیوز ایجنسی رائٹرز نے بتایا ہے کہ امریکہ کے موجودہ نائب صدر مائک پینس نے بھی اعلی فوجی افسران سے ملاقات کی ہے جس میں نئے صدر کو اقتدار کی منتقلی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز( Letitia James) نے خـبر دار کیا تھا کہ ملک کے دہشت گرد عناصر نو منتخـب صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ملک کی مختلف ریاستوں کی اسمبلیوں پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے چھے جنوری کو دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر حملہ کرکے اسے اپنے قبضے میں لے لیا تھا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران ہونے والی جھڑپوں میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چھے افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔ سی بی ایس نیوز اور یوگاؤ کی جانب سے کرائے جانے والے رائے عامہ کے تازہ جائزوں اور تجزیوں کے مطابق چوہتر فی صد امریکی شہریوں کو خدشہ ہے کہ نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ملک میں بڑے پیمانے پر فسادات پھوٹ سکتے ہیں۔