کورونا وائرس پر تحقیق میں تعاون کےلیے چین کا شکریہ
عالمی ادارہ صحت نے کورونا کے تعلق سے زیرو پیشنٹ کے تعین کے لئے چین کے تعاون کو سراہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت میں ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مائیکل ریان نے کورونا وائرس پر تحقیق میں تعاون کے لیے چین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
میڈیا بریفنگ میں انہوں نے عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین کے دورۂ چین سے متعلق میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وائرس کے اوّلین مریض (پیشنٹ زیرو) کی نشاندہی ایک وقت طلب اور پیچیدہ تحقیقی کام ہے جس میں تعاون فراہم کرنے کےلیے وہ چین کے خصوصی طور پر شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مغربی ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ چینی حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی تحقیقاتی ٹیم کو اپنے ملک میں داخلے سے روک دیا ہے جس کے جواب میں چینی حکام کا یہ مؤقف سامنے آیا تھا کہ مذکورہ تحقیقاتی ٹیم کا دورہ محفوظ و مؤثر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
چین مخالف پروپیگنڈا خبروں کے برعکس، عالمی ادارۂ صحت کی تحقیقی ٹیم 14 جنوری کے روز چین پہنچ چکی ہے جہاں وہ چینی ماہرین کے ساتھ مل کر اس وائرس کی ابتداء کے بارے میں جاننے کی کوشش کرے گی۔