Jan ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے مواخذے میں تاخیر درست نہیں: چک شومر

امریکی سینیٹ میں اکثریتی ڈیموکریٹ دھڑے کے لیڈر نے کہا ہے کہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مواخذے کے کیس کی کارروائی میں تیزی لائی جائے گی۔

امریکی سینیٹ میں اکثریتی ڈیموکریٹ دھڑے کے لیڈر چک شومر نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ کے خلاف دوسرے مواخذے کی کارروائی نہایت تیزی سے اور منصفانہ طور پر انجام پائے گی۔ چاک شومر نے مزید کہا کہ اس معاملے میں زیادہ دیر کرنا مناسب نہیں کیونکہ سینیٹ میں دوسرے کام بھی ہیں جنہیں انجام دینا ہے۔

اس سے قبل چک شومر نے چھبیس جنوری کو سینیٹ میں امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ننسی پلوسی کی جانب سے ٹرمپ کے مواخذے کی تحریک پیش کرنے کی خبر دی تھی۔ جنوبی کیرولینا کے سینیٹر لینڈسی گراہم کا کہنا ہے کہ ریاست کے پراسیکیوٹر جنرل بوچ باورز ٹرمپ کے وکیل کی حیثیت سے سینیٹ میں موجود رہیں گے۔

واضح رہے کہ امریکی سینیٹ کے اراکین جیوری کی طرح کارروا‍ئی انجام دیں گے اور ٹرمپ کو بری کرنے یا قصوروار ٹھہرانے کے لیے ووٹنگ کی جائے گی۔

دوسری جانب ریپبلکن سینٹر میٹ رامنی نے سی این این کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے  کہا ہے کہ ٹرمپ کے مواخذے میں ان کا ووٹ حقائق اور ثبوت و شواہد کی بنیاد پر ہوگا۔ گزشتہ مہینےایوان نمائندگان میں  ڈونالڈ ٹرمپ کے مواخذے کا بل منظور ہوا تھا۔ امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر بدعنوانیوں اور چھے جنوری کو امریکی کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر حملے کے لئے اپنے حامیوں کو اکسانے کا سنگین الزام ہے۔

درایں اثنا امریکی صدر کی تقریب حلف برداری مکمل ہوجانے اور وائٹ ہاؤس کے اطراف میں لگائی جانے والی باڑ اور خار دار تاروں کو ہٹائے جانے کے باوجود کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل بدستور خار دار تاروں کے حصار میں ہے۔ 

ٹیگس