ٹرمپ کے مواخذے سے قبل ان کے وکلا کے استعفے
امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ کے کئی وکلا نے ان کے مواخذے سے قبل مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ کی وکلا ٹیم سے پانچ وکلا نے اپنے تعاون سے دستبردار اور مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
سی این این نے بھی رپورٹ دی ہے کہ شمالی کیرولائنا کے وکیل جاش ہاورڈ اور اسی طرح جانی گازر نیز گریگ ہیرس نے ٹرمپ کی وکلا ٹیم کے ساتھ تعاون کرنے سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔
ہفتے کے روز پولیٹکو جریدے نے بھی رپورٹ دی تھی کہ جنوبی کیرولائنا کے بوچ باورز اور ڈیبورا باربیز امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ کی وکلا ٹیم سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ پر چھے جنوری کو امریکی کانگریس کی عمارت پر دھاوا بولنے کے لئے اپنے طرفداروں کو ورغلانے جیسا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے جس کی بنا پر امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹ اراکین نے ان کے مواخذے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔
ٹرمپ کا مواخذہ ہونے کی صورت میں امریکہ کی تاریخ کے وہ پہلے ایسے صدر ہوں گے کہ جن کو چار برس کی مدت میں دو بار مواخذے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔