اب کتوں اور بلیوں کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوگا
کورونا وائرس کا دائرہ اب انسانوں سے بڑھ کر حیوانات تک پہونچ چکا ہے۔ اسی کے پیش نظر جنوبی کوریا نے اب پالتو کتوں اور بلیوں کا کورونا ٹیسٹ کرنے کا اعلان کیا۔
کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں پالتوں بلیوں اور کتوں کا بھی ٹیسٹ کیا جائے گا۔ یہ اعلان جنوبی کوریا کے حکومتی عہدیدار نے کیا ہے۔ یہ فیصلہ اُس وقت کیا گیا جب ملک کے جنوب مشرقی شہر جنجو میں ایک بلی کے بچے کی وجہ سے ایک انسان میں کورونا وائرس منتقل ہونے کا کیس رکارڈ کیا گیا۔
امراض پر قابو پانے والے مرکز کے ایک اہلکار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جانوروں کے ٹیسٹ گھر کے قریب صحت کے کارکنوں کی ایک ٹیم کے ذریعہ کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف بلیوں اور کتوں میں علامات ظاہر ہوئی ہیں اور ان کے علاوہ زیادہ تر پالتو جانوروں میں علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر پالتو جانور کا ٹیسٹ مثبت آجاتا ہے تو اسے چودہ دن تک گھر میں ہی قرنطینہ کروانا پڑے گا کیونکہ اس بات کا اندیشہ ہے کہ وائرس پالتو جانوروں سے انسان کو بھی منتقل ہو سکتا ہے۔
ساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ اگر علامات پائے جانے والے پالتو جانوروں کے مالکان دیکھ بھال کرنے سے قاصر ہوں تو ایسے جانوروں کو مغربی سیئول میں شہر کی حکومت کے قرنطینہ مراکز میں لے جایا جائے گا۔
جنوبی کوریا کے حکام نے اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پالتو کتوں کو لوگوں اور دوسرے پالتو جانوروں سے کم سے کم دو میٹر دور رکھیں اور حفاظتی اقدامات کی سختی سے پیروی کریں۔