Feb ۱۳, ۲۰۲۱ ۰۷:۴۸ Asia/Tehran
  •  کورونا وائرس کی معاشی تباہ کاریوں میں بیلجیئم کے عوام کی ریکارڈ بچت

معاشی بحران کے باوجود بیلجیئم کے عوام نے 23 ارب یورو بینکوں میں جمع کروائے۔

بیلجیئم میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باوجود 2020 میں بیلجئیم کے عوام نے 23 ارب یورو بینکوں میں جمع کروائے ہیں۔ یہ بات نیشنل بینک آف بیلجیئم کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2020 میں جمع کروائی جانے والی یہ رقم گزشتہ کئی برسوں سے جمع ہونے والی رقوم سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ رقم بیلجیئم کے شہریوں کی دستیاب اوسط آمدنی کا 21 فیصد بنتی ہے۔

یاد رہے کہ بیلجیئم میں 2009 کے مالی بحران کے بعد سے دستیاب اوسط آمدنی میں سے بچت کی شرح کبھی بھی 13 فیصد سے زیادہ نہیں رہی۔

اس بچت کی بنیادی وجہ عالمی وباء کورونا وائرس اور اس سے منسلک  اقدامات بنے ہیں۔ جہاں لاک ڈائون کے باعث سفر، سیاحت اور ریستورانوں میں انتہائی کم رقم خرچ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر چہ گزشتہ مہینوں میں لوگوں نے اپنے اخراجات کم کئے ہیں، لیکن بینکوں میں جمع کروائی جانے والی رقم کے یہ اعداد و شمار تیزی سے معاشی بحالی کی امید کو فروغ دیتے ہیں۔

ادھر بیلجیئم کے وزیر اعظم نے آج سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد پارکس اور باربر شاپس بھی کھل جائیں گی، جبکہ 26 فروری کو ریسٹورنٹس اور بازار کھولنے سے متعلق غور کیا جائے گا۔

 

 

ٹیگس