ڈیمونا میں اسرائیل کی خفیہ سرگرمیوں کا انکشاف
مغربی ایشیا میں ایٹم بم رکھنے والی واحد حکومت اسرائیل کی پہلے سے ہی خفیہ سرگرمیوں کے لئے مشہور ڈیمونا ایٹمی تنصیبات میں، نئی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
سٹیلائٹ سے لی گئی تصاویر سے صحرائے نیگو میں ڈیمونا ایٹمی تنصیبات میں وسیع پیمانے پر تعمیراتی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
آئی پی ایف ایم نے کمرشیل سٹیلائٹ تصاویر کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ڈیمونا تنصیبات میں نئی تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آئی پی ایف ایم، 17 ممالک کے ایٹمی ماہرین کی آزاد تنظیم ہے۔
ڈیمونا میں جس جگہ پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں، وہ جگہ ایٹمی ری ایکٹر ری پراسیسنگ پلانٹ کے نزدیک ہے۔
آئی پی ایف ایم نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ تعمیراتی سرگرمیاں بڑھ گئی ہيں اور سائٹ پر تعمیرات میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کے ساتھ بہت تیزی سے کام جاری ہے جو نظر آ رہا ہے تاہم ان سرگرمیوں کا ہدف ابھی واضح نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اپنی ایٹمی سرگرمیوں کو مخفی طور پر جاری رکھے ہے اور وہ این پی ٹی کا رکن بھی نہیں ہے۔