Feb ۲۲, ۲۰۲۱ ۲۰:۴۳ Asia/Tehran
  • امریکہ کی میانمار کے فوجی حکمرانوں کو دھمکی

امریکی وزیر خارجہ نے میانمار میں بغاوت کے ذریعے حکومت پر قبضہ کرنے والے فوجیوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کی دھمکی دی ہے۔

رائٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں دھمکی دی ہے کہ واشنگٹن، میانمار کے باغی فوجی حکمرانوں اور تشدد کا سبب بننے والوں کے خلاف ٹھوس اقدامات عمل میں لائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئیٹ میں فوج کے ہاتھوں دو مظاہرین کی ہلاکت کا بھی ذکر کیا ہے۔

انٹونی بلنکن کا یہ بیان، میانمار کے فوجی حکمرانوں کے خلاف عائد کی جانے والی امریکی پابندیوں کے دس روز کے بعد سامنے آیا ہے۔ 

دس روز قبل  امریکی وزارت خزانہ نے میانمار کے دو اعلی فوجی افسران کے خلاف پاپندیوں کو دوبارہ عائد کرتے ہوئے خـبردار کیا تھا کہ پابندیاں مزید سخت کردی جائیں گی۔

میانمار کی فوج نے یکم فروری کو حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔ میانمار کی فوج نے آنگ سان سوچی کی قیادت والی حمکران جماعت لیگ فار ڈیموکریسی پر حالیہ عام انتخابات میں دھاندلی کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔  

لیگ فار ڈیموکریسی نے تیرہ نومبر کو ہونے والے انتخابات میں تراسی فی صد ووٹ حاصل کرکے اپنی کامیابی کا اعلان کیا تھا جبکہ میانمار کی فوج کو آئین کے تحت اقتدار میں پچیس فی صد حصہ دیا گیا تھا۔ 

ٹیگس