Feb ۲۴, ۲۰۲۱ ۰۰:۱۳ Asia/Tehran
  • کورونا قہر کے مقابلے میں بے بس بائیڈن حکومت کی ہدایت پر امریکی پرچم جھکا دیا گیا

امریکہ میں کورونا سے پانچ لاکھ سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن کی ہدایات پر امریکی پرچم کو جھکا دیا گیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق وہائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے  پانچ  لاکھ سے زائد افراد کی ہلاکتوں کی یاد میں امریکی پرچم کو چار دن تک کے لئے جھکائے رکھا جائے۔

اس کے علاوہ وہائٹ ہاوس میں جو بائیڈن اور نائب امریکی صدر کملا ہیرس نے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ 

واضح رہے کہ کورونا سے امریکہ میں پانچ  لاکھ سے زائد امریکی شہری اب تک ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ تعداد پہلی اور دوسری عالمی جنگ اور اسی طرح ویتنام کی جنگ میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں سے کہیں زیادہ ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعلان کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد پانچ لاکھ اکہتر ہو چکی ہے اور کورونا اموات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

دوسری جانب ورلڈ میٹرز سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ اب تک پانچ لاکھ بارہ ہزار سے زائد افراد کورونا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسی اثنا میں امریکہ میں وبائی اور متعدی امراض کے ماہر نے کورونا سے پانچ لاکھ سے زائد ہونے والی اموات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں کورونا اموات بڑھنے کی ذمہ دار اس ملک کی دونوں سیاسی پارٹیاں اور ان میں ہونے والی دھڑے بندی ہے۔

فاؤچی نے کہا کہ امریکہ میں کورونا اس وقت بڑھا جب امریکی سماج دونوں سیاسی پارٹیوں کے اختلافات کے نتیجے میں دو دھڑوں میں تقسیم ہو گیا اور حفظان صحت کے اصولوں منجملہ ماسک کا استعمال بھی سیاسی رخ اختیار کر گیا۔

انھوں نے تاکید کہ امریکہ جیسے ثروتمند ملک میں کورونا وائرس سے اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں نہیں ہونا چاہئے تھیں۔

واضح رہے کہ ہر شعبے میں فرسٹ ہونے کا دعوی کرنے والا ملک امریکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس وائرس میں مبتلا اور نتیجے میں اس بیماری میں ہونے والی اموات کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا ملک بنا ہوا ہے۔

عالمی سطح پر جاری کئے جانے والے کورونا کے اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں اس وقت بھی دو کروڑ اٹھاسی لاکھ چھبیس ہزار افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جبکہ پانچ لاکھ بارہ ہزار پانچ سو نوے کورونا مریض اب تک جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

 

 

 

ٹیگس