Mar ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • امریکہ کے بجٹ خسارے میں ہوشربا اضافہ

رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران امریکہ کے وفاقی بجٹ خسارے میں ایک ٹریلین ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔

کانگریس کے بجٹ آفس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فروری کے مہینے تک وفاقی حکومت کا بجٹ خسارہ ایک اعشاریہ صفر چار آٹھ ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے چار سو تئیس ارب ڈالر زیادہ ہے۔

اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ، گزشتہ سال کے مقابلے میں وفاقی حکومت کے اخراجات  کی مد میں پچیس فی صد کا جبکہ درآمدات میں صرف پانچ فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔

 کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس کے منفی اثرات کے مقابلے کے اخراجات نے امریکہ کی وفاقی حکومت کے اخراجات میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

 حکومت امریکہ پچھلے چند ماہ کے دوران مختلف شعبوں کے لیے مالی اور اقتصادی پیکج دینے پر مجبور ہوگئی ہے۔

اکثر ماہرین اگرچہ موجودہ صورتحال میں، بجٹ خسارے میں اضافے کو ضروری قرار دے رہے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ  اس کے ملک کی معیشت پر طویل المدت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

تیس ستمبر کو ختم ہونے والے امریکی مالی سال کے دوران وفاقی حکومت کا بجٹ خسارہ تین ٹریلین ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا جو ماضی کے مقابلے دوگنا زیادہ ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ امریکہ کے مالی خسارے میں اضافے کا سلسلہ رواں مالی سال کے آخر تک جاری رہے گا۔   

 

 

ٹیگس