کانگریس کے باہر حملے کے بعد امریکا کا قومی پرچم جھکا دیا گیا
امریکی صدر بائیڈن نے امریکی کانگریس کے باہر تازہ حملے اور ایک پولیس افسر کی ہلاکت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وہائٹ ہاؤس پر لگے قومی پرچم جھکا دینے کا حکم دیا ہے -
ہل نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدرجوبائیڈن نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی قوم کی جانب سے امریکی کانگریس کے پولیس اہلکاروں اور نیشنل گارڈ کے جوانوں اور دیگر افراد کی فوری کارروائی کی قدردانی کرنا چاہتے ہیں اگرچہ امریکی قوم، ایک پولیس افسر کی ہلاکت پر سوگوار بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہائٹ ہاؤس پر لگے پرچم جھکا دیئے جانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ ہفتے وار چھٹی منانے اپنے اہل خانہ کے ساتھ کیمپ ڈیویڈ میں ہیں اور اس افسوسناک واقعے کی خبر انھیں وہائٹ ہاؤس کے اندرونی سلامتی کے مشیر نے دی ہے۔
جمعے کو ایک گاڑی نے کانگریس کے اطراف لگائی گئی حفاظتی باڑ پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں دو پولیس اہلکار بری طرح زخمی ہو گئے۔ امریکی میڈیا نے بتایا ہے کہ سیکورٹی باڑ سے عبور کرنے کی اس گاڑی کی کوشش کے بعد گاڑی پر فائرنگ کی گئی اور حملہ آور ہلاک ہو گیا۔
حملہ آور نے حکومت امریکہ کو سیاہ فام شہریوں کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا۔