امریکہ ایٹمی معاہدے کا رکن نہیں ہے، اس لیے ویانا نشست میں شرکت نہیں کر سکتا: روس
Apr ۰۳, ۲۰۲۱ ۲۲:۲۹ Asia/Tehran
عالمی اداروں میں روس کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ چونکہ امریکہ ابھی تک ایٹمی معاہدے میں واپس نہیں لوٹا ہے اس لیے وہ منگل کے روز ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کی نشست میں شرکت نہیں کر سکتا۔
میخائیل اولیانوف نے منگل کے روز آسٹریا کے شہر ویانا میں منعقد ہونے والے ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کی نشست کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ایران کے ساتھ ہوئے ایٹمی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی بحالی سے متعلق مسائل کے بارے میں دو ورکنگ گروپس کی ذمہ داریاں طے کی جائيں گي۔
انھوں نے بتایا کہ یہ نشست ورچول ہوگي اور سیاسی نمائندوں کی بالمشافہ نشست چھے اپریل کو منعقد ہوگي۔ روس کے اس سینیر سفارتکار نے کہا کہ امریکی اس نشست میں شامل نہیں ہوں گے کیونکہ وہ ایٹمی معاہدے کے رکن ہیں ہی نہیں اور انھوں نے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا شروع نہیں کیا ہے۔