روس خلائی میدان کا فاتح تھا اور رہے گا، روسی صدر
روس کے صدر نے کہا ہے کہ ان کا ملک عظیم ایٹمی طاقت اور خلائی فاتح کی حیثیت سے ہمیشہ باقی رہے گا۔
ہمارے نمائندے کے مطابق روسی صدر ولادی میرپوتین نے دنیا کے پہلے خلائی سفر کی سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک خلائی میدان میں فاتح تھا اور آئندہ بھی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ روس اکیسویں صدی میں عالمی ایٹمی طاقتوں اور خلائی طاقتوں کے درمیان اپنی پوزیشن کو پوری طرح محفوظ رکھے گا کیونکہ اس کا ہمارے دفاع سے براہ راست تعلق ہے۔
انہوں نے اپنی حکومت پر زور دیا کہ وہ خلائی پروگرام کی توسیع کی غرض سے اسٹریٹجک منصوبہ تیار کرے ۔
صدرولادی میر پوتین نے کہا ہے کہ دفاع، کیمونی کیشن، ٹرانسپورٹ ، بیسک ریسرچ ، صحت اور تعلیم ایسے شعبے ہیں جنہیں اسٹریٹیجک خلائی پروگرام میں ترجیح حاصل ہونا چاہیے ۔
واضح رہے کہ آج سے ساٹھ سال قبل ، روسی خلا باز یوری گاگارین نے خلا میں سفر کرنے والے سب سے پہلے انسان کا اعزاز حاصل کیا تھا اس کے بعد امریکیوں نے اس میدان میں قدم رکھنے کے لیے بھاگ دوڑ تیز کردی تھی۔