Apr ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۸ Asia/Tehran
  • یورپ اورامریکہ میں کورونا کا قہر

امریکہ میں کورونا شدت اختیار کرگیا ہے اور پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران نو سو کے قریب افراد اس موذی وائرس کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکہ میں وسیع ویکسینیشن مہم اور کورونا پر قابوپانے کے نئے منصوبے پر عملدرآمد کے باوجود اس موذی وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت سے وابستہ ورلڈو میٹر نامی ویب سائٹ کے مطابق ، پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران امریکہ بھر میں ساٹھ ہزار تین سو تیرہ نئے مریضوں کا اندارج کیا گیا ہے اوراس عرصے کے دوران آٹھ سو اٹھاسی افراد اس بیماری کے باعث لقمہ اجل بنے ہیں۔

ورلڈو میٹرکے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد تین کروڑ ، پچیس لاکھ، چھتیس ہزار، چار سو ستر اور مرنے والوں کی کل تعداد، پانچ لاکھ بیاسی ہزار چار سو چھپن ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کورونا وائرس میں مبتلا دس ہزار سے زائد امریکیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب اطالوی وزارت صحت نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے تین سو بانوے مریض انتقال کر گئے اس طرح مرنے والوں کی کل تعداد ایک لاکھ سترہ ہزار چھے سو سے تجاوز کرگئی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد اڑتیس لاکھ اکیانوے ہزار سے زائد ہے جبکہ بتیس لاکھ سے زائد افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کے حوالے سے اٹلی کو براعظم یورپ میں سب سے زیادہ خراب صورتحال کا سامنا ہے۔

ادھر برطانوی تھنک ٹینک کی ایک رپورٹ کے مطابق ، کورونا وائرس کی وجہ سے برطانوی شہریوں کی آمدنی میں فرانس اور جرمنی کے مقابلے میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہر گھر کا کم سے کم ایک شخص بے روز گار ہوا ہے اور ہر گھر کی ایک چوتھائی آمدنی کم ہوگئی ہے۔

اس کے مقابلے میں فرانس میں کورونا وائرس کے نتیجے میں بے روزگار ہونے والے صرف بیس فی صد خاندانوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ جرمنی میں ایسے افراد کی تعداد اٹھائیس فی صد ہے۔

مذکورہ تھنک ٹینک کے ایک رکن اور ماہر اقتصادیات کا کہنا ہے کہ اگرچہ تیز رفتار ویکسینیشن مہم کے نتیجے میں، روز گار اور آمدنی کے بحران پر قابو پانے میں فوری طور پر مدد ملے گی تاہم ، برطانونی خاندانوں کی معاشی حالت کافی عرصے تک ابتری کا شکار رہے گی۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں تینتالیس لاکھ ترانوے ہزار سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہیں جبکہ ایک لاکھ ستائیس ہزار سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں-

ٹیگس