اسرائیل کی ڈیمونا ایٹمی تنصیبات کے قریب دھماکہ
مقبوضہ فلسطین میں قائم اسرائیل کے میزائل سازی کے ایک کارخانے میں خوفناک دھماکہ کے بعد اب ایٹمی ڈیمونا کی ایٹمی تنصیبات کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔
صیہونی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعرات کی علی الصبح، صحرائے نقب میں غزہ کی سرحدوں کےقریب واقع صیہونی بستیوں میں پہلے خطرے کے سائرن اور اس کے بعد خوفناک دھماکوں کی آوازیں سنائیں دیں۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق الخلیل، بیت المقدس اور رام اللہ میں بھی شدید نوعیت کے دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔
اسرائیلی ذرائع نے دعوی کیا کہ ڈیمونا کی ایٹمی تنصیبات کے قریب، پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے ذریعے ایک میزائل کو نشانہ بنایاگیا ہے۔
اسرائیل کے ٹیلی ویژن بارہ کے مطابق ممکنہ طور پر شام سے داغا جانے والا ایک میزائل ڈیمونا کی ایٹمی تنصیبات کے قریب گرا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کا میزائل ڈیفنیس سسٹم مذکورہ مزائل کو نشانہ بنانے میں ناکام ہوگیا ہے۔
صیہونیوں کے میزائل ساز کارخانے میں زبردست دھماکہ۔ ویڈیو
گزشتہ روز اسرائیل میں میزائل سازی کے ایک کارخانے میں بھی خوفناک دھماکہ ہوا تھا جس کی آوازیں دور دور تک سنائی دی تھیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اسرائیل نے میزائل اور ڈرون حملوں کے خوف سے ڈیمونا اور ایلات علاقوں میں اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم کی تقویت کا اعلان کیا تھا۔