امریکہ نے یورپی ہیکروں کا مطالبہ پورا کردیا
امریکہ نے مشرقی علاقوں میں ایندھن کی سپلائی بحال کرنے کی غرض سے یورپی ہیکروں کو پانچ ملین ڈالر کی رقم ادا کی ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں ایندھن کی سپلائی کرنے والے سب سے بڑے نیٹ ورک، کالونیل پائپ لائن کمپنی نے، اپنے کمپیوٹر سسٹم کی بحالی کے لیے یورپی ہیکروں کا پانچ ملین ڈالر کا مطالبہ پورا کردیا ہے۔
اس سے پہلے کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ سسٹم کی بحالی کے لیے ہیکروں کی جانب سے رقم کے مطالبے کو ہرگز پورا نہیں کرے گی۔
کہا جارہا ہے کہ مذکورہ کمپنی نے اتنی بھاری رقم ناقابل تشخیص ورچول کرنسی میں ادا کی ہے اور حکومت امریکہ کو بھی اس کی پوری اطلاع دی ہے۔
رقم کی وصولی کے بعد یورپی ہیکروں نے، کالونیل کمپنی کے نیٹ ورکنگ سسٹم کو بحال کرنے کا اختیار، متعلقہ عہدیداروں کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جمعے کے روز سائبر حملے کے بعد امریکہ میں تیل کی سپلائی کرنے والے سب سے بڑے پائپ لائن نیٹ ورک کی سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئیں تھیں۔ ملک بھر میں ایندھن کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔