امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چھے لاکھ کے قریب
ساڑھے چھے سو سے زائد اموات کے بعد امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ نوے ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
امریکہ میں کورونا کے سرکاری اعداد و شمار جاری کرنے والے ادارے جان ہاپکنز یونیورسٹی نے بتایا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید چھے سو چوہتر افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ نواسی ہزار ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ستائیس ہزار چار سو سے زائد امریکی کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں اور اس طرح اس وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد تین کروڑ اڑتیس لاکھ چوراسی ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
دوسری جانب ورلڈومیٹر ویب سائٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چھے لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
درایں اثنا امریکی ادارے کووڈ یو ایس اے نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تین کروڑ پچاس لاکھ کے قریب اور مرنے والوں کی تعداد چھے لاکھ اڑتیس ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔ اس سے پہلے وبائی امراض کے امریکی ادارے کے سربراہ اینتھونی فاوچی نے کہا تھا کہ متعلقہ حکام کرونا سے ہونے والی اموات کے حقیقی اعداد و شمار جاری نہیں کر رہے ہیں۔