May ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • کانگو میں آتش فشاں سے متاثرین کی امداد کے لئے اقوام متحدہ کا اعلان آمادگی

اقوام متحدہ کے انسان دوستانہ امور کے کوآڑڈینٹر دفتر نے کانگو میں آتش فشاں سے متاثر ہونے والوں کی امداد کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

آئی آر آئی بی کے ریڈیو سواحلی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر دفتر نے اس سلسلے میں بھرپور امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اسکائی نیوز کے مطابق نیراگونگو آتش فشاں پہاڑ پھٹنے سے شہر گوما کے تقریبا پانچ ہزار باشندے اپنا گھربار چھوڑ کر روانڈا کی جانب اور پچیس ہزار افراد صوبہ کیوو کے شہر سیک کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔

آتش فشاں پھٹنے کے نتیجے میں ایک سو ستّر سے زیادہ بچے لاپتہ ہوگئے ہیں جبکہ اقوام متحدہ، ان بچوں کی مدد کے لئے علاقے میں ایک مرکز قائم کر رہا ہے جو لاوارث ہو گئے ہیں۔

حکومت کانگو کے ترجمان پیٹریک مویایا نے اعلان کیا ہے کہ پندرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں نو افراد محفوظ مقامات کی جانب فرار کرتے ہوئے ٹریفک حادثے کا شکارہو گئے جبکہ چار افراد جیل سے فرار کرتے ہوئے اور دو افراد بری طرح جھلسنے کے بعد اپنی جان دے بیٹھے۔

خیال رہے کہ مذکورہ آتش فشاں ہفتے کی شب فعال ہوا تھا جو بدستور اب تک لاوا اُگل رہا ہے۔ یہ آتش فشاں اس سے پہلےدوہزار دو میں شہر گوما سے تقریبا دس کلومیٹر کے فاصلے پر پھٹا تھا اور اس کے نتیجے میں دوسو پچاس افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ ایک لاکھ بیس ہزار مکانات تباہ ہو گئے تھے۔

ٹیگس