May ۲۹, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran
  • کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے دنیا کی ستر فیصد آبادی کا ویکسینیشن ضروری ہے: ڈبلیو ایچ او

عالمی ادارہ صحت کے یورپی زون کے سربراہ نے کہا ہے کہ کورونا اسی وقت ختم ہوسکتا ہے جب کم سے کم دنیا کے ستر فیصد لوگوں کو کورونا ویکسین لگادی جائے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپ میں عالمی ادارۂ صحت ڈبلیو ایچ او کے علاقائی سربراہ ہانس کلوگ نے خبردار کیا ہے کہ جب تک دنیا کی ستر فیصد آبادی کو ویکسین نہیں دے دیا جائے گا، اس وقت تک کورونا وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکے گا۔

کلوگ نےکورونا وائرس کے نئے ورژن کے پھیلاؤ کے بارے میں کہا کہ اس بات کے پیش نظر کہ ہندوستانی کورونا وائرس کا پھیلاو برطانوی کورونا کے پھیلاؤ سے زیادہ خطرناک ہے، یورپ میں تیزی سے ویکسینیشن کی ضرورت ہے۔

درایں اثنا برطانیہ کے وزیر صحت نے اس ملک میں ایک بار پھر کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر مریض ہندوستانی کورونا میں مبتلاء ہوئے ہیں۔ جرمنی کے رابرٹ کوخ انسٹیوٹ نے گزشتہ چوبیس گھنٹے میں سات ہزار تین سو اسی افراد کے کورونا میں مبتلاء ہونے کی خبر دی ہے اور یوں گزشتہ ایک ہفتے میں ہر ایک لاکھ افراد میں تقریبا چالیس افراد کورونا میں مبتلاء ہوئے ہیں۔

جرمنی میں بھی گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک سو بانوے افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے ہیں۔ جان ہاپکینز یونیورسٹی کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں سولہ کروڑ اکیاسی لاکھ اکیاسی ہزارایک سو چودہ افراد کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے چونتس لاکھ چورانوے ہزار مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں کورونا ویکسین کے ایک ارب، تہتر کروڑ بہتر لاکھ ترانوے ہزار چار سو چودہ ڈوز دیئے جا چکے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ اب بھی دنیا میں کورونا کے مریضوں اور اس سے ہلاک ہونے والوں کے لحاظ سے سب سے آگے ہے۔ امریکہ کے بعد سب سے زیادہ کورونا مریض ہندوستان میں ہیں۔ اس کے بعد برازیل کا نمبر ہے۔ برازیل میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ باسٹھ لاکھ پچھتر ہزار چار سو چالیس ہے جبکہ چار لاکھ چوّن ہزار چھے سو تیئس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔ ہندوستان کورونا متاثرین کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر اور اموات میں تیسر نمبر پر ہے جبکہ برازیل کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر لیکن اموات کے لحاظ سے امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

ٹیگس