امریکہ نے سائبر حملوں کا الزام روس پر دھر دیا
امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے، مختلف اداروں پر کیے جانے والے سائبر حملوں میں روس کے ملوث ہونے کا دعوی کیا ہے۔
ایف بی آئی کے سربراہ کرسٹوفر رے نے دعوی کیا ہے کہ، امریکہ کے خلاف انجام پانے والے زیادہ تر سائبر حملوں اور انتخابی عمل میں مداخلت کے پیچھے روس ملوث ہے۔ روس متعدد بار امریکی حکام کے اس قسم کے دعووں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے کر مسترد کرچکا ہے۔اس سے پہلے امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے، روس پر ہیکنگ کے معاملات میں ملوث ہونے یا ایسے اقدامات کی حمایت کا الزام لگائے بغیر دعوی کیا تھا کہ ماسکو کی ذمہ داری ہے کہ اپنی سرزمین سے امریکہ کے خلاف انجام پانے والے سائبر حملے روکے۔
امریکہ پچھلے چندماہ سے سنگین قسم کے سائبر حملوں کی زد پر ہے۔ گزشتہ سال ہیکروں نے امریکہ کے اہم ترین محکموں اور وزارت خانوں تک رسائی حاصل کرلی تھی اور کئی ماہ اہم اطلاعات اور معلومات جمع کرتے رہے جس کی کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوئی۔