نتن یاہو کے مخالف سیاسی حریف اور ممکنہ وزیراعظم کو قتل کی دھمکی
صیہونی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ نتن یاہو کے مخالف اتحاد کے ممکنہ وزیراعظم نفتالی بنٹ کو قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے نتن یاہو مخالف اتحاد کے ممکنہ وزیراعظم نفتالی بنٹ کو قتل کی دھمکی کو سنجیدہ خطرہ قرار دیا ہے۔ اس قسم کی دھمکیاں انھیں سوشل میڈیا کے ذریعے سے دی جا رہی ہیں۔
اسرائیل کی اندرونی سلامتی کے سربراہ جنرل نداؤ ارغمان نے اس سے قبل نئی کابینہ کی تشکیل کے لئے بائیں بازو کی جماعتوں اور اعتدال پسند جماعتوں کے ساتھ دائیں بازو کی جماعتوں کی شمولیت سے تشکیل پانے والے اتحاد کے موقع پر سیاسی شخصیات کے قتل کا خطرہ ظاہر کیا تھا۔
نتن یاہو کے حامیوں نے بھی یائیر لاپید کے دفتر کے سامنے جمع ہو کر بائیں بازو کی جماعتوں کی کابینہ کی تشکیل کو روکے جانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
حکومت کی تشکیل کے لئے نتن یاہو کے پاس بدھ کی رات تک کا وقت تھا تاہم وہ کابینہ تشکیل دینے میں ناکام رہے جس کے بعد صیہونی ذرائع ابلاغ نے کہا کہ یش عتید پارٹی کے صدر یائیر لاپید نے کابینہ کی تشکیل کے لئے ضروری ارکان پارلیمان کی حمایت حاصل کر لی ہے اور وہ عنقریب غاصب ریاست اسرائیل کے صدر کو اپنی کابینہ کی تشکیل سے آگاہ کریں گے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد نتن یاہو کے بارہ سالہ اقتدار کا خاتمہ ہو جائے گا۔