آکسفورڈ یونیورسٹی سے ملکہ کی تصویر ہٹانے کے حق میں طلبہ نے ووٹ دیا
Jun ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۳:۰۳ Asia/Tehran
آکسفورڈ یونیورسٹی میں طلبا نے کامن روم سے ملکہ برطانیہ کی تصویر ہٹانے کے حق میں ووٹ دے دیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے میگڈالن کالج میں گریجویشن کے طلبا کے کامن روم کی دیوار پر لگی ملکہ برطانیہ "ایلزبتھ دوم" کی جوانی کی تصویر ہٹانے کے معاملے پر ووٹنگ ہوئی جس میں طلبا کی اکثریت نے اسے ہٹانے کے حق میں ووٹ دے دیا۔
ملکہ برطانیہ کی تصویر ہٹانے کے حامی طلبا کا کہنا ہے کہ ملکہ کی تصویر نوآبادیاتی دور کی یادگار ہے جو کہ یہاں پڑھنے والے کئی طلبا کے لیے ناپسندیدہ اور غیر مناسب ہوسکتی ہے۔
طلبا کی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکہ کی تصویر کی جگہ کوئی شاہکار تصویر یا کسی متاثر کن شخصیت کی تصویر لگائی جائے گی جب کہ آئندہ سے کسی شاہی خاندان کے فرد کی تصویر لگانے سے قبل ووٹنگ کی جائے گی۔