Jun ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۳:۴۹ Asia/Tehran
  • امریکہ میں گن کلچر کا قہر، مزید افراد بھینٹ چڑھ گئے

امریکہ، فلوریڈا میں فائرنگ کے واقعے میں ایک بچے سمیت تین افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر "پام بیچ" کے ایک اسٹور میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون اپنے ایک سالہ پوتے کے ہمراہ جاں بحق ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں مارا جانے والا تیسرا فرد حملہ آور تھا۔ پولیس کے مطابق ابھی مذکورہ شخص اور مقتولین کے درمیان رابطے سے متعلق کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے اور نہ ہی اقدامِ قتل سے متعلق محرکات کا پتا چلا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو بھی فلوریڈا کے شہر میامی میں طلبہ کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور کم از کم 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

امریکہ میں گن کلچر کے سبب اس طرح کے واقعات روزمرہ کا معمول سمجھے جاتے ہیں۔

امریکہ کو ان دنوں تشدد، اغوا برائے تاوان اور مسلح حملوں کا سامنا ہے اور سالانہ ہزاروں افراد فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں ہلاک ہوجاتے ہیں۔ اعداد وشمار کے مطابق ، ڈھائی سے تین کروڑ تک ہتھیار امریکی سماج میں گردش کر رہے ہیں یعنی ہر شخص کے پاس کوئی نہ کوئی آتشیں ہتھیار موجود ہے۔

اسلحہ ساز فیکٹریوں کی طاقتور لابی کے اثرورسوخ کی وجہ سے کوئی بھی حکومت امریکہ میں گن کنٹرول قوانین سخت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

ٹیگس